ابنا: اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلٰی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے پرامن انتقال اقتدار کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ امید ہے صوبائی حکومتوں کے قیام کے بعد نومنتخب وفاقی حکومت ملک سے دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، کرپشن، اقرباء پروری اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔ علامہ سید ساجد نقوی نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد پرامن طور پر انتقال اقتدار سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی اور معیشت مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جن توقعات اور امیدوں کیساتھ نو منتخب حکمرانوں کو منتخب کیا ہے، امید ہے نئی حکومت ان تمام توقعات کو پورا کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریگی۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اس وقت ملک دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، کرپشن، اقرباء پروری، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کا شکار ہے اور امن وامان کی صورتحال اس قدر خراب ہے کہ عام آدمی خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ نئی منتخب حکومت مذکورہ بالا عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریگی۔ انہوں نے ڈاکٹر عبدالمالک کے بلامقابلہ انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئی بلوچستان حکومت صوبے کو ترقی اور خوشحالی پر گامزن کرنے کیلئے واضح پالیسی تشکیل دیگی اور ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔......./169
علامہ ساجد نقوی:
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو بلامقابلہ وزیراعلٰی بلوچستان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں
9 جون 2013 - 19:30
News ID: 428231
اپنے تہنیتی پیغام میں سربراہ اسلامی تحریک نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئی بلوچستان حکومت صوبے کو ترقی اور خوشحالی پر گامزن کرنے کیلئے واضح پالیسی تشکیل دیگی۔